اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے متعلق مشاورتی پینل تشکیل دینے کی منظوری دے دی جو رکن ممالک کو اس تیز رفتار اور انقلابی ٹیکنالوجی سے متعلق فیصلوں میں معاونت فراہم کرے گا۔
قرارداد کے مطابق اس نئے ادارے کو انڈیپنڈنٹ انٹرنیشنل سائنٹیفک پینل آن آرٹیفیشل انٹیلیجنس کا نام دیا گیا ہے، یہ پینل سائنسی شواہد پر مبنی رپورٹس اور جائزے جاری کرے گا، جس میں مصنوعی ذہانت کے امکانات، خطرات اور اثرات کا تجزیہ شامل ہوگا۔
اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس اب اس 40 رکنی پینل کے لیے ماہرین کا انتخاب کریں گے، جس کی مدت 3 سال ہوگی۔
مزید برآں، قرارداد میں ہر سال عالمی سطح پر ایک مکالمے (Global Dialogue) کا انعقاد بھی شامل ہے، جس میں حکومتیں اور دیگر شراکت دار اے آئی گورننس، تعاون، بہترین طریقوں اور اس سے جڑے چیلنجز پر تبادلہ خیال کریں گے، پہلی عالمی کانفرنس آئندہ سال جنیوا میں ہوگی۔