بانی پی ٹی آئی عمران خان کے طبی معائنے کے لیے دائر درخواست پر راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے سپرنٹنڈنٹ جیل اور پراسیکیوشن کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے 29 اگست کو جواب طلب کرلیا۔
درخواست کی سماعت انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کی۔
عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے اپنے وکلا کے ذریعے درخواست دائر کی تھی، جس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کے مکمل میڈیکل چیک اپ اور آنکھوں کے معائنے کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا مطالبہ کیا گیا۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کو آنکھوں میں شدید دباؤ اور دھندلے پن کی شکایت ہے، ان کے ذاتی معالج نے 4 نومبر 2024ء کو چیک اپ کیا تھا، بارہا درخواستیں دینے کے باوجود ان کا معائنہ نہیں کیا گیا، بانی پی ٹی آئی کو جیل میں بنیادی حقوق سے محروم رکھا گیا۔
علیمہ خان نے استدعا کی کہ وفاقی اور پنجاب حکومت کے ماتحت ڈاکٹروں پر ہمیں اعتماد نہیں۔ ڈاکٹر فیصل سلطان، پروفیسر فواد خان کو میڈیکل بورڈ میں شامل کیا جائے، سپرنٹنڈنٹ اڈیالا جیل کو فوری طور پر میڈیکل بورڈ بنانے کا حکم دیا جائے۔
عدالت نے جیل حکام سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 29 اگست تک ملتوی کر دی۔