• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گورنر سندھ کا کراچی کے تاجروں کے مسائل حل کرانے کا اعلان

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کراچی کے تاجروں کے مسائل حل کرانے کا اعلان کردیا۔

کراچی میں کامران ٹیسوری سے آل کراچی تاجر اتحاد کے وفد نے عتیق میر کی سربراہی میں ملاقات کی۔

ترجمان گورنر ہاؤس کے مطابق عتیق میر کی سربراہی میں وفد نے کامران ٹیسوری کو دہرے ٹیکسز سے متعلق آگاہ کیا، اس دوران بارش کے بعد مارکیٹوں کی صورتحال اور لوڈشیڈنگ پر بھی گفتگو ہوئی۔

تاجر رہنما نےکہا کہ بارش کے پانی، کیچڑ سے دکاندار، خریدار مشکلات کا شکار ہیں، کراچی کی کئی مارکیٹیں آج بھی پانی، کیچڑ اور بجلی کی عدم فراہمی سے بند ہیں۔

انہوں نے کہا کہ رواں سال 27 فیصد اضافی ٹیکس دینے کے باوجود کراچی کی صورتحال ابتر ہے، گورنر سندھ کی تاجر برادری کے مسائل میں دلچسپی حوصلہ افزا ہے۔

گورنر سندھ نے وفد سے گفتگو میں کہا کہ تاجر برادری قومی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، ان کی خدمات لائقِ تحسین ہیں، ان کے مسائل حل کراؤں گا۔

کامران ٹیسوری نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے مسائل پر بات کروں گا۔

قومی خبریں سے مزید