وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نےسیلاب اور بارشوں سے متاثرہ اضلاع سیالکوٹ اور نارووال جانے کا اعلان کردیا۔
لاہور میں کمشنرز سے ویڈیو لنک خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ آج رات راوی میں شاہدرہ کے علاقے میں بڑا خطرہ ہے، تیاریاں مکمل اور مسلسل مانیٹرنگ کی جائے، ارلی وارننگ سسٹم کو فعال رکھا جائے۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کو سیلاب والے علاقوں میں جانے سے روکنے کےلیے ہر قسم کے اقدامات کیے جائیں۔ متاثرینِ سیلاب کے لیے ہر قسم کے اقدامات یقینی بنائیں جائیں۔ ریلیف کیمپس کا ماحول بہتر رکھیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہر جگہ ادویات کا اسٹاک موجود ہونا چاہیے، جن لوگوں کے گھروں، فصلوں کو جو نقصان پہنچا ہے، اس کا ریکارڈ اکٹھا کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ مسلسل بارش ہوئی اور بھارت نے بھی پانی چھوڑدیا، جو پُل متاثر ہوئے ہیں ان کو پانی اترتے ہی بحال کیا جائے۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ جن علاقوں میں ابھی بھی خطرہ ہے، وہاں لائف جیکٹس بڑی تعداد میں رکھیں، ضلعی انتظامیہ لوگوں کو سیلاب کی جگہ پر جانے سے روکے۔
اُن کا کہنا تھا کہ جب تک عوام مشکل میں ہیں، ہم ان کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے، میں خود بھی کل سیالکوٹ اور نارووال جاؤں گی، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو بھی فیلڈ میں ہونا چاہیے۔