بھارت کے ایک گرلز ہاسٹل میں خفیہ کیمرے سے خواتین کی ویڈیوز بنانے کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کرلیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اتر پردیش کے ضلع اعظم گڑھ میں ملزم ایک سال سے ہاسٹل میں خواتین کی نہاتے ہوئے ویڈیوز خفیہ طور پر ریکارڈ کررہا تھا، ملزم کی شناخت ہمانشو رائے کے طور پر ہوئی ہے، وہ ہیرا پٹی کالونی کے ایک ہاسٹل میں اپنے خاندان کے ساتھ رہ رہا تھا۔
اتوار کے روز دسویں جماعت کی ایک طالبہ نے چھت پر نصب موبائل کیمرہ دیکھ لیا اور شور مچانا شروع کیا، جس کے بعد دیگر لڑکیاں جمع ہوگئیں اور ملزم کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم متاثرہ لڑکیوں کو دھمکاتا تھا کہ اگر انہوں نے شکایت کی تو وہ ویڈیوز کو وائرل کر دے گا، تفتیش کے دوران ملزم کے موبائل اور لیپ ٹاپ سے تقریباً 40 فحش ویڈیوز برآمد ہوئی ہیں۔
طالبات نے ملزم کو رنگے ہاتھوں پکڑا۔ اس کے پاس سے متعدد ویڈیوز ملی ہیں، ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور اس سے پوچھ گچھ جاری ہے۔