وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے شاہدرہ کے مقام پر کشتی میں سوار ہو کر سیلابی صورتحال کا جائزہ لیا۔
موقع پر موجود حکام کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو بریفنگ بھی دی گئی۔
اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ سیلاب سے متاثرہ مختلف علاقوں کا فضائی جائزہ لیا تھا۔
وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کو سیلابی صورتحال اور ریسکیو آپریشن سے متعلق بریف کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ دریائے راوی میں شاہدرہ کے مقام پر پانی کی سطح میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے جہاں پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 74 ہزار کیوسک سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
جسڑ کے مقام پر بھی اونچے درجے کا سیلاب ہے جہاں پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 28 ہزار کیوسک پر برقرار ہے جبکہ بلوکی پر بھی اونچے درجے کا سیلاب ہے اور پانی کی سطح میں اضافہ جاری ہے۔
دریائے چناب میں قادر آباد کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے تاہم پانی کے بہاؤ میں کمی آنا شروع ہوگئی ہے۔ یہاں بہاؤ 9 لاکھ 1 ہزار 500 کیوسک ہوگیا ہے۔
علاوہ ازیں خانکی پر بھی انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے تاہم پانی کے بہاؤ میں کمی کا رجحان ہے، یہاں بہاؤ 7 لاکھ 22 ہزار کیوسک ہوگیا ہے۔