• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دریائے راوی: سائفن و شاہدرہ کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب

دریائے راوی میں سائفن اور شاہدرہ کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے، پانی کی سطح مزید بلند ہورہی ہے۔

سیلاب کے باعث شاہدرہ کی ملحقہ آبادیوں فرخ آباد، عزیز کالونی، بادامی باغ سمیت دیگر علاقوں میں پانی داخل ہوگیا ہے۔

فلڈ فارکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق دریائے راوی میں سائفن اور شاہدرہ کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے اور پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہو رہا ہے۔

سائفن کے مقام پر پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 20 ہزار 627 کیوسک اور شاہدرہ کے مقام پر 2 لاکھ 17 ہزار 627 کیوسک تک پہنچ گیا ہے، پانی کے بہاؤ میں مسلسل اضافہ جاری ہے جبکہ بلوکی کے مقام پر پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 16 ہزار 335 کیوسک ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق شاہدرہ میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کے باعث فرخ آباد، عزیز کالونی، امین پارک، افغان کالونی، شفیق آباد اور مرید والا کے علاقے پانی سے متاثر ہوئے ہیں، جس کے بعد علاقہ مکینوں نے نقل مکانی شروع کردی ہے۔

ریسکیو اہلکاروں نے فرخ آباد سے 64 افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جبکہ فرخ آباد کے 2 اسکولوں میں امدادی کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔

رنگ روڈ سے ملحقہ بادامی باغ کے علاقے میں بھی دریائے راوی کا سیلابی پانی داخل ہو گیا ہے جس کے باعث علاقہ مکینوں نے مال مویشیوں سمیت نقل مکانی شروع کر دی ہے۔

قومی خبریں سے مزید