دریائے چناب میں چنیوٹ برج پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب برقرار ہے، یہاں پانی کا بہاؤ 8 لاکھ 55 ہزار کیوسک ہے۔
دریائے راوی میں شاہدرہ کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے، یہاں پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 76 ہزار کیوسک ہے اور پانی کی سطح میں کمی ہورہی ہے۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق 30 اگست سے 3 ستمبر تک دریائے راوی کے بالائی ملحقہ علاقوں میں بارشیں اور تھین ڈیم سے پانی کا اخراج متوقع ہے۔
دریائے راوی میں بلوکی کے مقام پر اس وقت تقریباً 1 لاکھ 47 ہزار کیوسک کا بہاؤ موجود ہے، 2 سے 3 ستمبر کے دوران یہ سیلابی ریلا سدھنائی پہنچے گا، جہاں 1 لاکھ 25 ہزار سے1 لاکھ 50 ہزار کیوسک تک بہاؤ متوقع ہے۔
دریائے راوی میں سیلابی صورتحال کے باعث لاہور کے ممکنہ متاثرہ علاقوں میں لاہور سٹی اور رائیونڈ شامل ہیں، قصور، پتوکی، اوکاڑہ، رینالہ خورد، دیپالپور، گوگرا، تانڈیانوالہ،کمالیہ، پیر محل، اڈا حکیم اور سدھنائی کے علاقے بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔