• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور: چوہنگ کی نجی سوسائٹی کے قریب دریائے راوی کے بند میں شگاف پڑگیا

لاہور کے مضافاتی علاقے چوہنگ میں ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے قریب دریائے راوی کے بند میں شگاف پڑنے سے وسیع علاقہ زیر آب آ گیا.

لاہور کے ایک مضافاتی علاقے چوہنگ، ملتان روڈ سے صرف 3 کلو میٹر کی دوری پر ایک نجی ہاؤسنگ کالونی کو دریائے راوی کے پانی نے لپیٹ میں لے لیا، سیکیورٹی اہلکار اعلانات کے ذریعے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کرتے رہے۔

نجی ہاؤسنگ سوسائٹی اور اس سے ملحقہ بستیوں سے کچھ لوگ اپنے رشتے داروں اور عزیز و اقرباء کے گھروں میں منتقل ہو گئے ہیں جبکہ بڑی تعداد اپنے ضروری سامان سمیت یا تو کھلے آسمان تلے بیٹھنے پر مجبور ہیں یا نقل مکانی کر رہے ہیں۔

متاثرہ افراد میں سے کچھ کا کہنا ہے کہ انہیں انتظامیہ نے دو دن قبل ممکنہ سیلاب کی اطلاع دی تھی۔ کچھ کا کہنا ہے کہ انتظامیہ نے ہمیں آگاہ نہیں کیا تاہم سب نے حکومت سے مدد کی اپیل کی۔

نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں ریسکیو کا عملہ ایمبولینس اور دیگر مشینری پہنچ چکی ہے، ریسکیو انچارج کے مطابق اس علاقے میں پانی راوی کے بند میں شگاف پڑنے سے آیا۔

دیگر قریبی بستیوں سے بھی لوگوں کے انخلاء کا عمل جاری ہے، ریسکیو اہلکاروں کا کہنا ہے کہ اگر مزید بارش نہ ہوئی اور پانی کے بہاؤ میں اضافہ نہ ہوا تو قریبی بستیاں محفوظ رہیں گی۔

قومی خبریں سے مزید