• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مریم نواز کا پریشان حال خواتین کو دلاسا، بچوں کو اپنے ہاتھ سے کھانا کھلایا

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز وزیر آباد کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئیں، ریلیف کیمپ کا دورہ کیا، سیلاب متاثرین سے ملاقات کی، انہیں نقصانات کے ازالے کی یقین دہانی کروائی۔

مریم نواز نے پریشان حال خواتین کو دلاسا دیا، بحالی کی یقین دہانی کروائی، بچوں کو اپنے ہاتھ سے کھانا کھلایا۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کو تمام سہولتیں دینے کی کوشش کریں گے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کو امدادی سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی، انہیں بتایا گیا کہ متاثرین کے لیے 13 ریلیف کیمپ بنائے گئے ہیں، متاثرین کو طبی سہولتیں اور کھانا فراہم کیا جا رہا ہے۔

خیال رہے کہ پنجاب میں سیلاب سے 280 دیہات ڈوب گئے، جہاں زندگی سانس لیتی تھی، وہاں سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی، کھڑی فصلیں پانی میں بہہ گئیں، مکینوں کے آشیانے ڈوب گئے، ہزاروں افراد گھر بار چھوڑ کر رستوں پر آگئے۔

تریموں ہیڈ ورکس پر پانی کا دباؤ کم کرنے کے لیےجھنگ کے ریواز برج کے قریب دھماکا کرکے شگاف ڈال دیا گیا۔

دریائے راوی میں شاہدرہ کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے، یہاں پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 76 ہزار کیوسک ہے اور پانی کی سطح میں کمی ہورہی ہے۔

سیلابی ریلے نے چنیوٹ میں 100 گاؤں ڈبو دیے، جھنگ چنیوٹ روڈ بھی پانی میں ڈوب گیا، لوگ بچا کچھا سامان اٹھا کر پانی میں چلتے ہوئے محفوظ مقامات کی طرف نکل پڑے۔

عارف والا میں بھی بند ٹوٹنے سے متعدد بستیاں سیلاب میں ڈوب گئيں، بہاول نگر میں دریائی بیلٹ سے جڑے 104 موضع جات میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، بہاول پور میں زمیندارہ بند ٹوٹنے سے سینکڑوں ایکڑ پر فصلیں تباہ ہوگئیں، وہاڑی سے 80 دیہات کے مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گيا، پاک پتن میں کشتی کے ذریعے ریسکیو آپریشن کیا گیا۔

قومی خبریں سے مزید