• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت: کارڈئیک سرجن دوران ڈیوٹی دل کا دورہ پڑنے سے چل بسا

فوٹو بشکریہ بھارتی میڈیا
فوٹو بشکریہ بھارتی میڈیا 

بھارتی ریاست چِنئی کے اسپتال میں ماہرِ امراضِ قلب ڈاکٹر گریڈلن رائے دل کا دورہ پڑنے کے باعث دورانِ ڈیوٹی انتقال کر گیا، گریڈلن اسپتال میں معمول کے مطابق راؤنڈ پر تھا کہ اچانک زمین پر گر گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 39 سالہ کاڈئیک ڈاکٹر گریڈلن رائے کو فوری طور پر ساتھی ڈاکٹروں نے ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور جان بچانے کے لیے تمام جدید طبی اقدامات بھی کیے گئے۔ 

بھارتی میڈیا کے مطابق نیورولوجسٹ ڈاکٹر سدھیر کمار نے بتایا کہ ڈاکٹر رائے کو بچانے کے لیے سی پی آر، ایمرجنسی انجیو پلاسٹی، اسٹَنٹنگ، انٹرا-آورٹک بیلون پمپ اور ای سی ایم او تک استعمال کیا گیا لیکن دل کی مرکزی شریان کے 100 فیصد بلاکیج کے باعث ہونے والا نقصان ناقابلِ تلافی ثابت ہوا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اچانک دل کا دورہ پڑنا انسان کا ایک خاموش دشمن بنتا جا رہا ہے، نہ اس کی قبل از وقت علامات ظاہر ہوتیں بلکہ اسے وقت سے قبل کسی بھی شخص کا محسوس کرنا بھی ناممکن ہے۔

دوسری جانب بھارتی سینئر ڈاکٹرز کا اس واقعے سے متعلق کہنا ہے کہ یہ کوئی انفرادی واقعہ نہیں بلکہ ایک تشویشناک رجحان ہے جس میں 30 اور 40 سال کے نوجوان بھی دل کے امراض کا شکار ہو رہے ہیں۔

طبی ماہرین کے مطابق ڈاکٹروں میں اس رجحان کی ایک بڑی وجہ اِن کے طویل اوقاتِ کار ہیں، بیشتر ڈاکٹرز روزانہ 12 سے 18 گھنٹے جبکہ بعض اوقات 24 گھنٹے مسلسل کام کرتے ہیں۔

اس کے علاوہ شدید ذہنی دباؤ، زندگی اور موت کے فیصلوں کا بوجھ، مریضوں اور لواحقین کی بلند توقعات اور قانونی پیچیدگیاں بھی ان پر بھاری پڑتی ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید