وفاقی وزیرِ ماحولیات مصدق کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم سیلابی صورتِ حال سے مکمل آگاہ ہیں، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی سیلابی صورتِ حال کو مانیٹر کر رہے ہیں۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیرِ ماحولیات مصدق ملک اور چیئرمین این ڈی ایم اے نے سیلابی صورتِ حال پر میڈیا بریفنگ دی۔
مصدق ملک نے کہا کہ تمام متعلقہ ادارے امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، آبادیوں کا تحفظ یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، موسمیاتی تبدیلی کے باعث قدرتی آفات کا سامنا ہے، کاربن کے اخراج میں پاکستان کا حصہ بہت کم ہے، درجۂ حرارت بڑھنے سے گلیشیئر پگھل رہے ہیں۔
وفاقی وزیرِ ماحولیاتی تبدیلی مصدق ملک نے کہا کہ وزیرِ اعظم کی ہدایت پر سیلابی صورتِ حال سے عوام کو آگاہ کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دریاؤں میں سیلاب کی صورتِ حال ہے، وفاقی حکومت، صوبائی حکومتوں کی بھرپور معاونت کر رہی ہے، آبادیوں کا تحفظ یقینی بنانا ہماری ترجیح ہے، محفوظ مقامات پر منتقل کیے گئے 8 لاکھ متوسط طبقے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔
مصدق ملک نے یہ بھی کہا کہ تمام متعلقہ ادارے امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، امدادی کیمپوں میں خوراک، ادویات، دیگر سہولتوں کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں، این ڈی ایم اے مسلسل سیلابی صورتِ حال سے متعلق الرٹ جاری کر رہا ہے، مخیر حضرات سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے آگے بڑھیں۔