بھارتی شہر بنگلورو میں 41 سالہ سافٹ ویئر انجینئر منجو پرکاش سانپ کے ڈسنے سے ہلاک ہو گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق منجو پرکاش نے اپنے جوتے، ’کرُوکس‘ گھر کے دروازے کے باہر رکھے ہوئے تھے، جب وہ گھر سے قریب ایک دکان سے جوس خریدنے کے لیے باہر گیا تو بغیر دیکھے جوتے پہن لیے جس پر زہریلے سانپ نے اسے ڈس لیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق منجو پرکاش کے اہلِ خانہ کا بتانا ہے کہ ان کا بیٹا پہلے بھی ایک حادثے کا شکار ہو چکا ہے جس کے باعث اس کی ٹانگ کی محسوس کرنے کی حِس ختم ہو چکی تھی۔
یہی وجہ تھی کہ منجو پرکاش سانپ کے کاٹنے کو محسوس نہ کرسکا اور گھر آ کر آرام کرنے کی غرض سے کمرے میں لیٹ گیا، بعد ازاں گھر کے ایک ملازم نے چپل میں سانپ دیکھ کر منجو کے اہلِ خانہ کو اطلاع دی۔
منجو کے اہلِ خانہ کے مطابق جب سانپ کو چپل سے نکالا تو وہ مرا ہوا تھا۔
بعد ازاں منجو کے والد نے جا کر بیٹے کو دیکھا تو وہ بستر پر بےہوش پڑا تھا، اس کے منہ سے جھاگ نکل رہی تھی اور ٹانگ سے خون بہہ رہا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق منجو پرکاش کے اہلِ خانہ فوری طور پر اسے قریبی اسپتال لے گئے جہاں ڈاکٹروں نے منجو کو مردہ قرار دے دیا۔