ملتان( سٹاف رپورٹر)جماعت الدعوۃ پاکستان اور تحریک آزادی کشمیر کی اپیل پربھارتی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کی پاکستان آمد کے خلاف گزشتہ روز ملک بھرمیں احتجاجی مظاہرے اورریلیاں نکالی گئیں،ملتان میں تحریک آزادی کشمیر اور جماعت الدعوۃ کی جانب سے مرکز سعد بن ابی وقاص 07نمبر چونگی سے چوک کچہری تک مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کےقتل عام کےذمہ داربھارتی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کی پاکستان آمدکیخلاف ریلی نکالی گئی اوراحتجاجی مظاہرہ کیا گیاجس میں تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈاور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر بھارت مخالف اور کشمیر کے حق میں نعرے درج تھے۔اس موقع پرشدید نعرے بازی کی گئی۔مظاہرے سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں سہیل احمد ،عبدالرحمان سیاف،عمران مانی ودیگرکا کہنا تھا کہ بھارت نے کشمیرمیں نہتےلوگوں پر ظلم ڈھارہاہے۔کشمیری قوم سڑکوں پر موجود اور پاکستانی پرچم لہراتے ہوئے اپنے سینوں پر گولیاں کھا رہی ہے۔حکومت پاکستان بھی ہر قسم کی مصلحت پسندی ترک کر کے مظلوم کشمیریوں کا ساتھ دے۔کشمیریوں کے قاتل کا استقبال کرنا مظلوم کشمیریوں کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔۔تحریک آزادی کشمیر پوری قوت سے جاری ہے اورجاری رہے گی۔ہم اپنے کشمیری بھائیوں کو یقین دلاتے ہیں کہ پوری پاکستانی قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔حکومت کو چاہئےکہ وہ مسئلہ کشمیر کے سلسلہ میں جرأ تمندانہ پالیسیاں اختیار کرے اور تجارت، ثقافت اور سفارت کو مسئلہ کشمیر کے حل سے جوڑا جائے۔