• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دریائے چناب کا سیلابی ریلا ملتان کی حدود میں داخل ہوگیا

’جیو نیوز‘ گریب
’جیو نیوز‘ گریب

دریائے چناب کا سیلابی ریلا ملتان کی حدود میں داخل ہو گیا ہے۔

دریائے جہلم اور چناب کے سنگم تریموں بیراج پر اونچے درجے کا سیلاب ہے۔

دریائے راوی سے سیلابی ریلا کمالیہ میں تباہی مچانے کے بعد پیرمحل کی حدود میں داخل ہو گیا ہے، یہاں انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے۔

دریائے راوی میں ہیڈ سدھنائی کے مقام پر بھی انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے، یہاں پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 19 ہزار کیوسک ہے۔

جھنگ: 45 سالہ خاتون دریائے چناب کے سیلابی پانی میں ڈوب کر جاں بحق

جھنگ میں 45 سالہ خاتون دریائے چناب کے سیلابی پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہو گئی۔

موضع پکے والا کی رہائشی شہناز بی بی سیلاب کے باعث اپنے گھر سے کچھ دور محفوظ مقام پر موجود تھی۔ پانی میں کمی آنے پر اپنا گھر دیکھنے جا رہی تھی کہ سیلابی لہروں کی نذر ہو گئی۔

لواحقین کا کہنا ہے کہ مقامی افراد نے 24 گھنٹوں بعد لاش نکالی۔

دریائے ستلج میں سیلابی صورتحال سے سیدی والا بند ٹوٹ گیا

لودھراں میں دریائے ستلج میں سیلابی صورتحال سے سیدی والا بند ٹوٹ گیا، سیلابی پانی گھروں اور فصلوں میں داخل ہونے سے سینکڑوں ایکڑ پر فصلیں زیر آب آگئیں۔

بند ٹوٹنے سے سیدی والا اور جھوک امام بخش کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے، علاقے سے 615 افراد اور 60 مویشیوں کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

ڈیرہ غازی خان میں بارش کے بعد برساتی ندیوں میں طغیانی آگئی

ادھر ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی علاقوں میں بارش کے بعد برساتی ندیوں میں طغیانی آگئی ہے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ندی نالوں کے ریلے شامل ہونے سے دریائے سندھ میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہو گیا ہے۔

دریائے سندھ میں غازی گھاٹ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 60 ہزار کیوسک تک پہنچ گیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید