وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب میں لاپتہ ہونے والے شہریوں کی جلد تلاش مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔
بیجنگ میں وزیراعظم شہباز شریف نے کچھ مصروفیات ترک کرکے سیلاب سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کی، اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیر محسن نقوی اور عطا تارڑ بھی شریک ہوئے۔
اجلاس میں چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے ویڈیو لنک سے شرکت کی۔
شرکاء کو چیئرمین این ڈی ایم اے، پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا کے چیف سیکریٹریز نے بریفنگ دی اور سیلابی صورتحال اور جاری ریسکیو امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے متاثرہ نظام مواصلات اور بجلی ترسیل کے نظام کو ترجیحی بنیاد پر بحال کرنے کی ہدایت کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی امداد اور محفوظ مقامات پر منتقلی کےلیے تعاون جاری رکھیں، متاثرہ انفرااسٹرکچر کی بحالی کےلیے وفاقی اور صوبائی حکومتیں اور تمام ادارے مکمل تعاون کریں۔
وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ دریائے راوی، چناب اور ستلج میں طغیانی کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے، سیلابی ریلوں کی آمد کے بعد پنجند میں شدید طغیانی متوقع ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجند سے یہ ریلا 6 ستمبرکی دوپہر تک گڈو بیراج پہنچنے کا امکان ہے، گڈو ہیڈورکس پر متوقع سیلابی صورتحال کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے۔
اجلاس کے شرکاء کو بتایا گیا کہ این ڈی ایم اے سندھ حکومت کے ساتھ مناسب انتظامات کےلیے مکمل تعاون کر رہا ہے، سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان کے قافلے تسلسل سے بھیجے جا رہے ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریسکیو1122، پاک فوج، رینجرز، غیر سرکاری تنظیمیں سرگرم عمل ہیں، سیلاب متاثرہ علاقوں میں بجلی کی ترسیل اور متاثرہ نظام کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔