امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان آبادی کے اعتبار سے موسمی تغیرات سے متاثر ہونے والا سب بڑا ملک ہے۔
سفیرِ پاکستان نے اسلامک سرکل آف نارتھ امریکا کی فلاحی تنظیم کے زیرِ اہتمام ایونٹ سے خطاب کیا۔
رضوان سعید شیخ نے امریکا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے سیلاب زدگان علاقوں اور متاثرہ خاندانوں کو ریلیف کی فراہمی میں بڑھ چڑھ کر حصہ ڈالنے کی پُرزور اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستانی کمیونٹی اور مخیر حضرات نے فلاحی سرگرمیوں میں قابلِ تحسین کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی پاکستان کے ترقیاتی عمل اور ترقیاتی پھیلاؤ کی راہ میں بڑی رکاوٹ بن کر ابھری ہے، موسمیاتی تبدیلی کے باعث ہونے والے نقصانات کی شدت پہلے کے مقابلےمیں کہیں زیادہ ہے۔
تقریب کے دوران اسلامک سرکل آف نارتھ امریکا کی فلاحی تنظیم نے سیلاب زدگان کے لیے ڈیڑھ ارب روپے کے عطیات دینے کا اعلان کیا۔