بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے شہر اندور کے مہاراجہ یشونت راؤ اسپتال (MYH) میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں علاج کے دوران دو نومولود بچوں کو چوہوں نے کاٹ لیا، ایک بچہ جان کی بازی ہار گیا جبکہ دوسرے کی حالت تشویشناک ہے۔
اسپتال کے پیڈیاٹرک سرجری وارڈ میں دونوں بچے پہلے ہی شدید انفیکشن اور نازک حالت میں زیرِ علاج تھے وہاں موجود چوہوں نے ایک کو ہاتھ پر جبکہ دوسرے کو کندھے پر کاٹ لیا۔
اس واقعے کے بعد ڈیوٹی پر موجود دو نرسوں کو معطل کر دیا گیا جبکہ اعلیٰ سطح کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو سات دن میں رپورٹ پیش کرے گی۔
اسپتال کے ڈین ڈاکٹر اروند گھنگوریا نے بتایا کہ ایک بچہ جس کا پیٹ کے انفیکشن کے باعث آپریشن کیا گیا تھا وہ انتہائی کمزور تھا اور اب وینٹی لیٹر پر ہے، دوسرا بچہ نمونیا اور شدید انفیکشن میں مبتلا تھا، اسے ہاتھ پر چوہوں نے کاٹا اور وہ آج صبح دم توڑ گیا، یہ دونوں بچے ایک ہفتہ قبل پیدا ہوئے تھے۔
ڈاکٹر کے مطابق اسپتال میں گزشتہ دو سال سے چوہوں کی موجودگی نہیں تھی، لیکن حالیہ دنوں میں ایک پائپ ٹوٹنے اور بارش کے باعث پانی بھرنے سے یہ مسئلہ پیدا ہوا۔
انہوں نے تسلیم کیا کہ ڈیوٹی پر موجود عملے نے تین سے چار دن کے دوران صورتحال کی اطلاع نہ دے کر غفلت برتی، جس پر کارروائی کی گئی ہے، اسپتال کی نرسنگ سپرنٹنڈنٹ کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے، جبکہ کیڑوں پر قابو پانے والی کمپنی پر ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کرتے ہوئے معاہدہ ختم کرنے اور بلیک لسٹ کرنے کی وارننگ دی گئی ہے، اسپتال کے سپرنٹنڈنٹ کو بھی انتظامات بہتر بنانے اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت دی گئی ہے۔