ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ پنجاب میں سیلاب سے اموات کی تعداد 46 ہوگئی، 35 لاکھ افراد متاثر، ریلیف کیمپوں میں 30 ہزار افراد موجود ہیں۔
عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ اس وقت تک پنجاب میں سیلاب سے 3944 موضع متاثر ہوئے، 14 لاکھ 96 ہزار سے زائد افراد کو ریسکیو کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ قادر آباد کے مقام پرچناب کا پانی دوبارہ متاثرہ علاقوں میں جائے گا، جھنگ پہنچنے پر چناب کا پانی مزید پریشانی کا سبب بنے گا۔
ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ ستلج میں 2 ماہ سے ہائی فلڈ ہے، گنڈا سنگھ پر 3 لاکھ 19 ہزار کیوسک کا ریلا گزر رہا ہے ،جسڑ کے مقام پر دریائے راوی کے بہاؤ میں بھی اضافہ، راوی میں بھی پانی کا دباؤ بڑھے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ 9 لاکھ کیوسک کا ریلا 6 اور 7 ستمبرکی درمیانی شب سندھ میں داخل ہوگا۔