• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کا چینی صدر شی جن پنگ کے عالمی اقدامات کی بھرپور حمایت کا اعادہ

تصویر، اسکرین گریب
تصویر، اسکرین گریب

وزیراعظم شہباز شریف کی بیجنگ میں چینی ہم منصب لی چیانگ سے ملاقات ہوئی ہے جس میں پاک چین تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

اس ملاقات کی تفصیلات سے متعلق وزیراعظم آفس نے اعلامیہ جاری کیا ہے جس کے مطابق وزیراعظم نے پاکستان کی خود مختاری اور ترقی میں حمایت پر چین کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاک چین تعلقات کی مثبت رفتار پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔

  ملاقات میں جوائنٹ ایکشن پلان 29-2024 پر دستخط کو اہم سنگِ میل قرار دیا گیا اور وزیراعظم نے ایس سی او سربراہی اجلاس کی کامیاب میزبانی پر چین کو مبارکباد بھی دی۔

اعلامیے کے مطابق پاکستان نے صدر شی جن پنگ کے عالمی اقدامات کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔ پاکستان جلد چینی کیپیٹل مارکیٹ میں پانڈا بانڈز جاری کرے گا، سی پیک کے تحت ایم ایل ون، قرا قرم ہائی وے کی ری الائنمنٹ اور گوادر پورٹ کے جلد نفاذ پر زور دیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان چین کے ترقیاتی ماڈل سے سیکھنا چاہتا ہے۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ سی پیک فیز 2 بشمول 5 نئے کوریڈورز پر تیزی سے کام کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ زراعت،معدنیات، ٹیکسٹائل،صنعت اور آئی ٹی کو سرمایہ کاری کیلئے ترجیحی شعبے قرار دیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں آئندہ سال پاک چین سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ شایانِ شان طریقے سے منانے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید