• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چین کو روکنا ناممکن، صدر شی کی وزیراعظم شہباز، پیوٹن اور شمالی کوریا کے رہنما کے ساتھ پرشکوہ فوجی پریڈ میں شرکت، سہ جہتی جوہری نظام کی رونمائی

بیجنگ(شِنہوا/مانیٹرنگ ڈیسک )چین کے صدر شی جن پنگ کا کہنا ہے کہ چینی عوام اور ملک کی نشاۃ ثانیہ کو روکنا ممکن نہیں‘انسانیت ایک بار پھر امن یا جنگ، مکالمے یا محاذ آرائی اور باہمی فائدے یا اپنے فائدے کے لئے دوسرے کے نقصان کے کھیل کے درمیان انتخاب کے دوراہے پر کھڑی ہے‘ انسانیت کو جنگل کے قانون کی طرف واپس نہیں جانا چاہیے‘چینی عوام تاریخ کی درست سمت میں مضبوطی سے کھڑے ہیں‘دھونس دھمکی سے خوفزدہ ہونے والے نہیں۔ تفصیلات کے مطابق چین نے دوسری عالمی جنگ کے اختتام پر جاپان کی شکست کے 80 سال مکمل ہونے کی یاد میں بدھ کو بیجنگ میں فوجی طاقت کا شاندارمظاہرہ کیا ‘ تیان من اسکوائر میں ہونےو الی پرشکوہ فوجی پریڈ میں شی جن پنگ کے ساتھ روسی صدر ولادیمیر پوٹن اور شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن اور وزیراعظم شہبازشریف موجودتھے ‘پریڈ میں 25 ممالک کے سربراہان نے شرکت کی ‘ تیان من اسکوائر میں 50ہزار سے زائد افرادکے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے صدرشی جن پنگ کا کہنا تھاکہ چین پرامن ترقی کے راستے پر گامزن رہنے کے لئے پُرعزم ہے‘چینی عوام تاریخ کی درست رخ پر انسانیت کی ترقی کے ساتھ کھڑے رہیں گے‘ پرامن ترقی کے راستے پر قائم رہیں گے اور دنیا کے دیگر ممالک کے ساتھ مل کر مشترکہ مستقبل پر مبنی انسانی معاشرے کی تشکیل کے لئے کام کریں گے۔ صدر شی جن پنگ نے اعلان کیا کہ چین ایک عظیم قوم ہے جو کبھی بھی کسی دھونس دھمکی سے خوفزدہ نہیں ہوتی۔ بعدازاں صدر شی جن پنگ نے کھلی گاڑی میں بیٹھ کر فوجی دستوں اور جدید ہتھیاروں کا معائنہ کیا، جن میں ہائپر سونک میزائل‘ زیرآب ڈرون اور ہتھیاروں سے لیس روبوٹ وولف شامل تھے، 70منٹ طویل اس مظاہرے میں ہیلی کاپٹروں نے بڑے بینرزلہرائے اور لڑاکا طیارے فارمیشن بناکر پرواز کرتے رہے، جبکہ آخر میں 80ہزار امن کے پرندے آزاد کیے گئے۔ پریڈ کے بعد عوامی ہال میں ایک شاندار استقبالیہ میں شی جن پنگ نے کہا کہ انسانیت کو جنگل کے قانون کی طرف واپس نہیں جانا چاہیے۔


اہم خبریں سے مزید