ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر سماعت کے موقع پر ملزم کی جگہ اس کا دوست عدالت میں حاضری لگانے کے لیے پیش ہوگیا۔
اس موقع پر عدالت نے ملزم کی گرفتاری کا حکم دیا تو اس نے ڈر کر سچ بول دیا۔
ایڈیشنل سیشن جج جہانگیر اعوان کی عدالت میں یہ واقعہ پیش آیا، عدالت نے ملزم بلال کے دوست شاہد کی گرفتاری کا حکم دے دیا۔
ملزم بلال خان کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست زیر سماعت تھی کہ اس دوران ملزم بلال خان کی جگہ اس کا دوست شاہد کریم عدالت میں پیش ہوگیا۔
عدالت کے گرفتاری کے حکم پر شاہد کریم نے بتایا کہ وہ اصلی ملزم بلال نہیں ہے۔
شاہد کریم نے کہا کہ مجھے دوست بلال خان نے کہا تھا کہ پیش ہو جانا کچھ نہیں ہوگا۔
عدالت نے مچلکے جمع نہ کروانے پر ضمانت قبل از گرفتاری خارج کردی اور ملزم بلال خان کو گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔