مرتّب: مقبول زیدی
صفحات: 360، ہدیہ: 800روپے
ناشر: سلام گزار ادبی فورم۔
فون نمبر: 8200139 - 0316
مقبول زیدی کا شمار کراچی کے قابلِ ذکر شعراء میں ہوتا ہے۔ وہ تمام اصنافِ سخن پر کامل دسترس رکھتے ہیں۔ بنیادی طور پر غزل کے شاعر ہیں، لیکن تقدیسی شاعری بھی اُن کی ترجیحات میں شامل ہے۔ غالباً30 برس پہلے ممتاز نعت گو، قمر وارثی نے ’’دبستانِ وارثیہ پاکستان‘‘ کے تحت ردیفی نعتیہ مشاعروں کا آغاز کیا تھا، اُن کی تقلید میں مقبول زیدی نے’’سلام گزار ادبی فورم‘‘ کی جانب سے 2010ء میں ردیفی مشاعروں کا سلسلہ شروع کیا، جن میں حضرت محمدﷺ اور آپﷺکی آل ؓ کو خراجِ عقیدت پیش کیا جاتا ہے۔
زیرِ نظر کتاب میں 2010ء سے 2018ء تک کے ردیفی سلام شامل کیے گئے ہیں۔ یہ کتاب 340شعراء کے ردیفی سلاموں سے آراستہ ہے۔ اِس سلسلے کی دو کتابیں ’’حرفِ زیارت گزار‘‘ اور ’’مؤدت کا سفر‘‘ شائع ہوچُکی ہیں، یہ تیسری کتاب ہے۔
مقبول زیدی کی یہ کاوش یقیناً تقدیسی ادب کی ثروت میں گراں قدر اضافہ کرے گی۔ جن ردیفوں پر شعرائے کرام نے طبع آزمائی کی ہے، وہ ملاحظہ فرمائیں: کیفیت، گریہ، دریا، نجات، عبادت، بہتر، روشن، رواں دواں، آگہی، پیدا، مداوا، معتبر،سے، صف شکن، کرتے، ہوتا، جستجو، خاک، اقرار، معرفت، آنکھیں، حسین، محور وغیرہ۔