بھارتی شہر دہلی میں واقع لال قلعہ کے احاطے میں جاری جین مذہبی تقریب سے بڑی سیکیورٹی کوتاہی سامنے آ گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق رواں ہفتے بدھ کے روز ایک شخص جین پجاری کے بھیس میں جین مذہب کی روایتی تقریب کے میں گھسا اور اسٹیج سے دو سونے کے ’کلاش‘ اور دیگر قیمتی اشیاء چرا کر فرار ہوگیا۔
چوری شدہ سامان کی مالیت تقریباً ایک کروڑ پچاس لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ مشتبہ شخص کی شناخت ہو چکی ہے اور اسے جَلد گرفتار کرلیا جائے گا۔
ملزم پر درج کی گئی ایف آئی آر کے مطابق چوری شدہ اشیاء میں تقریباً 760 گرام وزنی سونے کا ناریل، ہیرے، زمرد اور یاقوت جڑے 115 گرام وزنی چھوٹے سائز کا سونے کا ڈول (کلاش) اور دیگر قیمتی سامان شامل ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ تمام اشیاء جین مذہب کی رسومات میں استعمال ہوتی ہیں اور مذہبی طور پر نہایت مقدس تصور کی جاتی ہیں۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب منتظمین معزز مہمانوں کے استقبال کی تیاریوں میں مصروف تھے، جیسے ہی رسومات دوبارہ شروع ہوئیں تو اشیاء کے غائب ہونے کا انکشاف ہوا۔
قیمتی سامان کے مالک سدھیر جین نے میڈیا سے گفتگو کے دوران بتایا ہے کہ چور نے ہجوم کا فائدہ اٹھایا، جواہرات تو صرف سجانے کے لیے تھے، مگر کلاش ہماری مذہبی عقیدت سے جڑا ہے، اس کی کوئی قیمت مقرر نہیں کی جا سکتی۔