وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ نے دشمن کی عددی برتری کو جذبے، مہارت اور یقین کامل سے شکست دی۔
محسن نقوی نے یوم فضائیہ پر اپنے پیغام میں کہا کہ 7ستمبر کو شاہینوں نے دشمن کا غرور فضاؤں میں پاش پاش کر کے نئی تاریخ رقم کی۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ 1965ء کے شاہینوں کو سلام جنہوں نے فضائی سرحدوں کا کامیابی سے دفاع کیا، ایم ایم عالم نے چند لمحوں میں دشمن کے 5 طیارے زمیں بوس کر کے دنیا کو حیرت میں ڈال دیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ 60 برس بعد مئی 2025ء میں بھی پاکستان نے دشمن کا غرور خاک میں ملایا اور معرکۂ حق میں دشمن کے 6 جنگی طیاروں کو مار گرا کر تاریخی کارنامہ انجام دیا۔
اُنہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ کے پائلٹس، انجینئرز اور ٹیکنیشنز قوم کا سرمایہ افتخار ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کے شاہین قوم کی امیدوں، وقار اور دفاع کی پوری ذمہ داری نبھاتے ہیں، ان سپوتوں کی قربانیوں، غیر متزلزل حوصلے اور بلند عزم پر ہر پاکستانی کو فخر ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ ان شاہینوں کی بہادری اور قربانی کی ہی بدولت پاکستان کی فضائیں محفوظ ہیں، پاک فضائیہ کے شاہینوں کی بے مثال خدمات و لازوال قربانیوں کو قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔