• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شلپا شیٹی و راج کندرا کو بیرونِ ملک جانے کیلئے 60 کروڑ روپے جمع کرانے کا حکم

شلپا شیٹی اور ان کے شوہر راج کندرا—فائل فوٹو
شلپا شیٹی اور ان کے شوہر راج کندرا—فائل فوٹو

ممبئی ہائی کورٹ نے بھارتی اداکارہ شلپا شیٹی اور ان کے شوہر بزنس مین راج کندرا کو ہدایت کی ہے کہ اگر وہ بیرونِ ملک جانا چاہتے ہیں تو 60 کروڑ روپے جمع کرائیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق شلپا شیٹی اور ان کے شوہر راج کندرا نے 60 کروڑ روپے کے مبینہ فراڈ کے کیس میں جاری لک آؤٹ سرکلر ختم کرانے اور اکتوبر، دسمبر اور جنوری میں امریکا، سری لنکا اور مالدیپ کے دوروں کی اجازت کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا۔

چیف جسٹس ممبئی ہائی کورٹ شری چندر شیکھر اور جسٹس گوتم آنکھڈ پر مشتمل بینچ نے شلپا اور راج کی درخواست کی سماعت کی۔

عدالت نے سماعت کے دوران ریمارکس دیے کہ اگر درخواست گزار پورے 60 کروڑ روپے عدالت میں جمع کرائیں تو ان کی درخواست پر غور کیا جائے گا۔

یہ مقدمہ بزنس مین دیپک کوٹھاری کی شکایت پر درج کیا گیا ہے، جنہوں نے الزام لگایا ہے کہ شلپا شیٹی اور راج کندرا نے کاروبار کی توسیع کے نام پر 2015ء سے 2023ء کے دوران 60 کروڑ روپے ہتھیا کر ذاتی اخراجات پر خرچ کیے۔

شکایت کنندہ کے وکیل نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ میرے علم کے مطابق درخواست گزار شلپا شیٹی اور راج کندرا غیر ملکی شہری ہیں، لہٰذا اس بات کا خدشہ ہے کہ وہ بھارت واپس نہ آئیں۔

چیف جسٹس نے شپلپا اور ان کے شوہر کو واضح کیا کہ آپ کو گرفتار نہ کرنے کی وجہ صرف یہی ہے کہ آپ تحقیقات میں تعاون کر رہے ہیں، آپ پوری رقم عدالت میں جمع کروا دیں، پھر ہم مخالف فریق کے دلائل سننے کے بعد آپ کی درخواست پر غور کریں گے۔

اس کے ساتھ ہی عدالت نے سماعت 14 اکتوبر تک کے لیے ملتوی کر دی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید