بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے علاقے مدن گیر میں بیوی نے سوتے ہوئے شوہر پر کھولتا ہوا تیل اور لال مرچ پاؤڈر پھینک دیا، جس سے وہ بری طرح جھلس گیا، اسے تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ 3 اکتوبر کی رات پیش آیا، جب 28 سالہ دنیش جو ایک فارماسیوٹیکل کمپنی میں کام کرتا ہے، اپنے گھر میں سو رہا تھا۔ اسی دوران اس کی بیوی نے اس کے جسم اور چہرے پر گرم تیل ڈالا اور بعد ازاں جلے ہوئے حصوں پر لال مرچ پاؤڈر چھڑک دیا۔
متاثرہ شخص نے پولیس کو بتایا کہ حملے کے وقت ان کی 8 سالہ بیٹی بھی گھر میں موجود تھی، جب میں چیخنے لگا تو میری بیوی نے دھمکی دی کہ اگر میں شور مچاؤں گا تو مزید تیل ڈال دے گی۔
دنیش کے پڑوسیوں کا کہنا ہے کہ چیخ و پکار سن کر وہ اوپر پہنچے تو دروازہ اندر سے بند تھا۔ کچھ دیر بعد جب دروازہ کھولا گیا تو دنیش بری طرح جھلسا ہوا تھا، جبکہ اس کی بیوی گھر کے اندر چھپی ہوئی تھی۔
پڑوسیوں نے فوری طور پر اسے رکشے میں ڈال کر قریبی اسپتال منتقل کیا، جسے ابتدائی طبی امداد کے بعد دوسرے اسپتال ریفر کردیا، جہاں وہ آئی سی یو میں زیر علاج ہے۔
متاثرہ شخص کا کہنا ہے کہ اس کی شادی کو 8 سال ہو چکے ہیں اور دونوں کے درمیان تعلقات کئی عرصے سے کشیدہ تھے۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے ملزمہ کی تلاش شروع کردی ہے۔