مون سون کے ایک اور طوفانی اسپیل کے زیر اثر سکھر، اوباڑو، ڈہرکی، میرپور ماتھیلو اور نوشہرو فیروز سمیت سندھ کے متعدد علاقوں میں موسلادھار بارش، کراچی کے بیشتر علاقوں میں بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے۔
ڈیفنس، کورنگی روڈ، شارع فیصل، برنس روڈ، ایم اے جناح روڈ پر بوندا باندی ہوئی، اس کے علاوہ قیوم آباد، محمود آباد، منظور کالونی، بلوچ کالونی اور اطراف میں بوندا باندی کی اطلاعات ہیں۔
یونیورسٹی روڈ، جمشید روڈ، جہانگیر روڈ اور گلشن اقبال میں بھی بوندا باندی ہوئی جبکہ آئی آئی چنددیگر روڈ پر ہلکی بارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج بارش کی پیش گوئی کر رکھی ہے۔
دوسری جانب سندھ و پنجاب میں بارش کے سبب نشیبی علاقے زیر آب آگئے، جھنگ شہر اور گردونواح میں بھی بارش کے بعد نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 9 ستمبر تک موسلادھار بارشوں کی امکان ہے، مون سون کے ایک اور طوفانی اسپیل کے باعث سندھ، پنجاب، اسلام آباد، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے تیز بارش کا امکان ہے۔
موسلا دھار بارش کے پیش نظر کراچی اور حیدرآباد کے نشیبی علا قے زیر آب آنے کاخدشہ ہے۔
اس دوران پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بارشوں سے صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔
ڈیرا غازی خان اور اس سے ملحقہ بلوچستان کےعلاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے، حب ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہو سکتی ہے۔
واضح رہے کہ اتوار کو فیصل آباد میں موسلا دھار بارش کے بعد کئی علاقوں میں پانی بھر گیا، سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں، جہلم میں بھی دھواں دھار بارش ہوئی جس سے گلیاں سڑکیں ایک بار پھر تالاب بن گئيں۔