سندھ پر اثر انداز مون سون سسٹم ڈیپ ڈپریشن میں تبدیل ہو گیا، آج سسٹم کراچی کے قریب سے گرزتے ہوئے100ملی میٹر سے زائد بارش برسا سکتا ہے، محکمہ موسمیات نے خطرے سے آگاہ کردیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں کل دن بھر وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارش جاری رہی، سال بھر خشک رہنے والی ملیر ندی میں بھی سیلابی صورت حال پیدا ہوگئی۔
کراچی کی جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں آج ہونیوالے امتحانات ملتوی کردیے گئے، ورک فرام ہوم پالیسی نافذ، وائس چانسلر کے مطابق کلاسز آن لائن ہوں گی۔
ترجمان محکمہ موسمیات انجم نذیر نے کہا ہے کہ آج کراچی میں بارش کے 4 سے 6 اسپیل ہونے ہیں جن میں موسلادھار سے شدید موسلادھار بارش ہونے کا امکان ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو میں کہا کہ یہ غیر معمولی بات ہے کہ ستمبر کے مہینے میں بھارت کی جانب سے سندھ میں ڈیپریشن یا ڈیپ ڈیپریشن داخل ہورہا ہے، اس کا راستہ بھی کافی پیچیدہ ہے۔
دوسری جانب حیدرآباد میں موسلادھار بارش کے باعث شہر کی اہم شاہراہیں اور نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔
بارش کی صورتحال کے پیش نظر ضلع بھر میں تعلیمی اداروں میں آج چھٹی کا اعلان کردیا گیا۔
ہالہ، نیو سعیدآباد، بھٹ شاہ اور گردونواح میں بھی موسلادھار بارش کا امکان ہے، جبکہ مٹیاری میں بھی آج تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔