• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کو غیر مقامی سندھ حکومت، بلدیاتی نمائندوں اور سرکاری افسران نے نقصان پہنچایا ہے، خالد مقبول صدیقی

فائل فوٹو
فائل فوٹو

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ کراچی کو غیر مقامی سندھ حکومت، بلدیاتی نمائندوں اور سرکاری افسران نے نقصان پہنچایا ہے۔

اپنے ایک بیان میں خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ کراچی کی ابتر صورتحال سندھ حکومت، بلدیاتی نمائندوں اور متعلقہ اداروں کی نااہلی کا ثبوت ہے۔ لیاری اور ملیرندی کا پانی رہائشی علاقوں میں داخل ہونے سے جانی و مالی نقصان کا خدشہ ہے۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ کراچی کی ندی نالوں کے اطراف غیر قانونی گوٹھ اور تجاوزات کی ذمہ دار بھی سندھ حکومت ہے، بارش کی پیشگوئی کے باوجود انتظامات نہ کرنا سندھ حکومت اور بلدیاتی نمائندوں کی غفلت ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن پر قبضہ کر کے اسے تباہ کردیا ہے۔ ناگن چورنگی، قیوم آباد، ایم نائن، نارتھ کراچی، ملیر اور گڈاپ سمیت کئی علاقے زیرِ آب ہیں۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ اربوں روپے سے بننے والی شاہراہ بھٹو کا بارش میں بہہ جانا پی پی کی کرپشن کی مثال ہے، ایم کیو ایم کے اراکین اسمبلی اور کارکنان کو متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

قومی خبریں سے مزید