• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسرائیل زمینی لڑائی سے خوفزدہ ہے اس لیے صرف فضائی بمباری کر رہا ہے، مولانا فضل الرحمان

فائل فوٹو
فائل فوٹو

جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اسرائیل زمینی لڑائی سے خوفزدہ ہے اس لیے صرف فضائی بمباری کر رہا ہے۔

اپنے ایک بیان میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ قطر میں حماس کی قیادت پر حملے کی جے یو آئی اور عوام سخت مذمت کرتے ہیں، یہ حملہ مسلم اور عرب دنیا کی خودمختاری پر حملہ ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حماس کی قیادت امریکی صدر کی جنگ بندی کی پیشکش پر مشاورت کے لیے جمع تھی، حملے میں مغربی فضائیہ کے انٹیلی جنس اور ایندھن بردار طیارے استعمال ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ الحمد للّٰہ خالد مشعل محفوظ ہیں، دشمن قاتلانہ حملے میں ناکام رہا، او آئی سی فوراً حماس کی قیادت کو مکمل تحفظ فراہم کرے، ہزاروں فلسطینی مسجد اقصیٰ اور فلسطین کی آزادی کے لیے قربانیاں دے چکے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ غزہ کے عوام بھوک، پیاس اور اسرائیلی محاصرے کا شکار ہیں۔ مغربی حمایت یافتہ اسرائیلی افواج خواتین، بچوں اور بزرگوں پر بم گرا رہی ہیں، مسلم رہنماؤں کی خاموشی سے غزہ میں ہلاکتیں بڑھ رہی ہیں۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ عالمی صمود فلوٹیلا کے بہادر کارکنوں کی مکمل حمایت کرتے ہیں، اسرائیل نے مرکزی جہاز پر ڈرون حملہ کیا مگر کارکنوں کا حوصلہ بلند ہے، یہ قربانیاں مسلم حکمرانوں کی مجرمانہ غفلت کو بے نقاب کر رہی ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ سلامتی کونسل فوری طور پر غزہ کا محاصرہ ختم کرائے، فلسطینی عوام کے ساتھ پہلے کی طرح کھڑے ہیں، انشاء اللّٰہ فلسطین اور مسجد اقصیٰ کو ناجائز قبضے سے آزاد کرایا جائے گا۔

قومی خبریں سے مزید