• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میجر عدنان کی بہنوں نے کہا ہم بھی اس راہ میں قربانی دیں گے: وزیراعظم

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ میجر عدنان اسلم نے خوارج سے لڑتے ہوئے جان کی قربانی دی، ان کے والد نے کہا کہ بیٹے کی شہادت پر فخر ہے۔

کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ جی ایچ کیو میں میجر عدنان اسلم کی نمازِ جنازہ میں کل شرکت کی، شہید کے والد سے ملاقات کی، ان کا جذبہ بلند تھا۔

وزیراعظم نے کہا کہ شہید کی بہنوں نے کہا کہ ہم بہت دلیر بھائی کی بہنیں ہیں، بہنوں نے کہا کہ ہم بھی اس راہ میں قربانی دیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے قربانی کی تاریخ رقم کی ہے، جو قربانی دیتا ہے اس کی کیفیت کو کوئی نہیں جان سکتا، سوشل میڈیا پر زہریلا پروپیگنڈا کیا جارہا ہے، سوشل میڈیا پر زہریلے پروپیگنڈا کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ افواجِ پاکستان کی قربانیوں کی بدولت ہم آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں، ہمیں اپنے شہداء کا شکر گزار ہونا چاہیے، آج کچھ لوگ ملک کے خلاف پروپیگنڈا کر رہے ہیں، لوگ سوشل میڈیا پر اداروں کی تضحیک کر رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ نفرت کارڈ ناقابلِ قبول ہے، پروپیگنڈا کرنے والے عناصر کا مکمل خاتمہ کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ چین کے دورے سے واپس آیا ہوں، چین کا حالیہ دورہ کامیاب رہا، چین کے ساتھ اسٹریٹجک تعلقات میں بہتری لانی ہے، ہمارا بزنس ایونٹ انتہائی کامیاب تھا لیکن اگر فالواپ نہیں ہوگا تو زیرو ہوگا۔

وزیراعظم نے کہا کہ مائن اینڈ منرل کے حوالے سے امریکی کمپنیوں کے ساتھ ایم او یو سائن کیے ہیں، ہمیں امریکا کے ساتھ اچھے تعلقات بنانے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان، چترال اور جی بی میں خزانے دفن ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ قطر میں اسرائیل نے بربریت کی ہے، اسرائیلی بربریت کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، فلسطین میں بے گناہوں کا خون بہایا جارہا ہے، دنیا کی تاریخ میں اس سے زیادہ بربریت کی نذیر نہیں ملتی۔

انہوں نے مزید کہا کہ قطر پر حملے پر کل فی الفور بیان جاری کیا، کل قطر کے امیر سے میں نے خود بات کی، قطر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے، قطر کے امیر کو یقین دہانی کرائی ہے کہ مشکل وقت میں آپ کے ساتھ ہیں۔

قومی خبریں سے مزید