لاہور کی مقامی عدالت نےگاڑی میں ملکہ ترنم نورجہاں کا مشہور پنجابی گانا اونچی آواز میں سننے کے الزام میں گرفتار شہری کی ضمانت منظور کر لی اور اسے رہا کرنےکا حکم دے دیا۔
اونچی آواز میں ملکہ ترنم نورجہاں کا گانا سننے کے شوقین شہری کو ایک رات کیلئے حوالات کی ہوا کھانا پڑ گئی، یہ گرفتاری ہوئی گزشتہ شام لاہور کے علاقے نواب ٹاؤن میں، جہاں دانش نامی شہری اپنی گاڑی میں اونچی آواز میں مشہور پنجابی گانا ’’جھانجر دی پاواں چھنکار‘‘سنتے ہوئے جا رہا تھا۔
پولیس نے ناکے پر روکا، اونچی آواز میں گانا سننے کی وجہ پوچھی تو دانش نے بتایا کہ نورجہاں کے گانے اونچی آواز میں سننے کا ہی مزا آتا ہے۔
تھانا نواب ٹاؤن پولیس نے اے ایس آئی رحمت علی کی مدعیت میں ایمپلی فائر ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے دانش کو حوالات میں بند کر دیا۔
دانش کو آج عدالت میں پیش کیا گیا تو عدالت نے ضمانت منظور کر لی اور اسے رہا کرنےکا حکم دے دیا۔