• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ حکومت کی طرف سے اساتذہ کیلئے اے آئی بیسڈ آن لائن تربیت کا آغاز

سندھ حکومت کی طرف سے پاکستان میں پہلی بار اساتذہ کی تیز، مؤثر اور جدید تدریسی نظام میں مدد کے لیے اے آئی بیسڈ آن لائن تربیت کا آغاز کر دیا گیا۔

اس ضمن میں محکمہ اسکول ایجوکیشن سندھ، یونیسف اور خان اکیڈمی پاکستان کا مشترکہ اے آئی (آرٹیفیشل انٹیلی جنس) ٹیچر ٹریننگ پائلٹ منصوبے کے آغاز سے پہلے مفاہمتی یاداشت پر دستخط کرنے کی تقریب کراچی میں منعقد کی گئی۔ 

تقریب میں وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ اس موقع پر سیکریٹری اسکول ایجوکیشن زاہد علی عباسی، چیف ایڈوائزر کریکیولم ڈاکٹر فوزیہ خان، یونیسیف سندھ کی منیجر ایجوکیشن ابیر مقبول، چیف فیلڈ آفس یونیسیف سندھ پریم بہادر چند، خان اکیڈمی پاکستان کے سی ای او ذیشان حسن اور بورڈ اراکین امین ہاشوانی، نعیم زمین دار، ڈپٹی ڈائریکٹر عاطف وگھیو و دیگر افسران موجود تھے۔ 

چھ ماہ پر مشتمل اس پائلٹ پروجیکٹ میں دادو، ٹنڈو الہیار، تھر پارکر اور عمر کوٹ کے 3,500 اساتذہ کو تربیت دی جاۓ گی۔ اس منصوبہ میں یونیسف، فنڈنگ اور عالمی معیار کو یقینی بنائے گا جبکہ خان اکیڈمی ٹریننگ و تکنیکی مدد فراہم کرے گی۔ 

خان اکیڈمی کے اے آئی ماڈل KhanmigoAI اساتذہ کو لیسن پلاننگ، لرننگ مٹیریل کی تیاری اور کلاس روم انگیجمنٹ بڑھانے میں مدد دے گا، تربیت کے اس مرحلے میں لائیو آن لائن سیشنز اور سیلف لرننگ ماڈیولز شامل ہیں جبکہ پڑھانے کے جدید طریقہ کار سمجھنے سے محکمہ اسکول اور اساتذہ کے معیار میں بہتری آئے گی۔ 

وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ نے امید ظاہر کی کہ اے آئی بیسڈ ٹریننگ اساتذہ کے لیے مؤثر ثابت ہوگی، سندھ حکومت تعلیم کے شعبے میں جدت اور معیار کے لیے پرعزم ہے، جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ حاصل کرتے ہوئے اساتذہ پہلے سے کہیں زیادہ اعتماد کے ساتھ کلاس رومز میں جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے سندھ کے دور دراز اضلاع کے طلبہ بھی عالمی معیار کی تعلیم سے مستفید ہوں گے، ہمیں یقین ہے کہ یہ پروگرام مستقبل میں صوبے بھر کے لیے ایک ماڈل ثابت ہوگا اور پاکستان کے تعلیمی نظام میں نمایاں تبدیلی لائے گا۔

خان اکیڈمی کے سی ای او ذیشان حسن نے کہا کہ خانمیگواے آئی اساتذہ کا وقت بچائے گا، تخلیقی صلاحیت بڑھائے گا اور طلبہ کو زیادہ متوجہ کرے گا۔ اس موقع پر یونیسف کی ابیر مقبول نے کہا کہ اے آئی کے ذریعے ہر بچے کے لیے معیاری، مؤثر اور جامع تعلیم یقینی بنانا مقصد ہے۔

اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوۓ خان اکیڈمی کے بورڈ میمبر امین ہاشوانی نے کہا کہ یہ حکومت، عالمی شراکت داروں اور مقامی اداروں کی مشترکہ کوشش کا ماڈل ہے، اس کے علاوہ ممبر بروڈ خان اکیڈمی نعیم زمین دار نے کہا کہ تعلیم قوموں کو تبدیل کرنے کا سب سے طاقتور ذریعہ ہے، یہ قدم 21ویں صدی کی مہارتوں کو فروغ دے گا۔ 

قومی خبریں سے مزید