• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسرائیل نے ہمارے ملک کی حدود پر حملہ کرکے سفارتکاری کی توہین کی ہے، وزیراعظم قطر

قطر کے وزیراعظم محمد بن عبدالرحمان الثانی نے کہا ہے کہ اسرائیل نے ہمارے ملک کی حدود پر حملہ کرکے سفارتکاری کی توہین کی ہے، اسرائیلی حملے میں جانی اور مالی نقصان ہوا جس کی مذمت کرتے ہیں۔

سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب میں محمد بن عبدالرحمان کا کہنا تھا کہ قطر کا ثالثی کردار عالمی سطح پر سراہا گیا، حملہ امن کوششوں کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل حماس رہنماؤں پر حملہ کر کے غزہ میں جنگ ختم کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانا چاہتا ہے۔

انہوں نے سلامتی کونسل کو یقین دہانی کرائی کہ ان کا ملک غزہ میں جنگ بندی کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔

قطر کے وزیراعظم نے واضح کیا کہ وہ خونریزی روکنے کے لیے اپنے انسانی اور سفارتی کردار کو بغیر کسی ہچکچاہٹ کے جاری رکھیں گے۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی اسرائیل کا نام لیے بغیر قطر میں حملوں کی مذمت کی، امریکا سمیت اقوام متحدہ سلامتی کونسل کے 15 رکن ممالک کا مذمتی بیان برطانیہ اور فرانس نے تیار کیا۔

سلامتی کونسل نے قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت کی، غزہ سے یرغمالیوں کی رہائی اور جنگ بندی کو اولین ترجیح رکھنے پر زور دیا۔ 

پاکستان کےمستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا کہ اسرائیلی حملہ یو این چارٹر اور قطر کی سلامتی کے خلاف ہے، اسرائیل نے صرف قطر نہیں بلکہ عالمی امن کو نقصان پہنچایا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید