• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ساہیوال کول پاورپلانٹ منصوبہ پاک چین دوستی کا عظیم شاہکار بنے گا ،شہبازشریف

لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی زیرصدارت گزشتہ روزاعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا،جس میںساہیوال میں کول پاورپلانٹ کے منصوبے پر پیشرفت اور پراجیکٹ کیلئے کوئلے کی ترسیل کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا-وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف،وفاقی وزیر پورٹس اینڈ شپنگ میر حاصل خان بزنجو، وفاقی سیکرٹری پانی و بجلی،سیکرٹری وزیراعظم ،چیئرمین پورٹ قاسم اتھارٹی،چیئرمین منصوبہ بندی وترقیات،چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلویز،ایم ڈی این ٹی ڈی سی ،چین کے ہیوانگ گروپ کے ایم ڈی ہو چن شنگ، ہیوانگ شین ڈؤنگ پاورجنریشن کمپنی کے نائب صدر، چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیوانگ شین ڈؤنگ رویائی اور متعلقہ وفاقی و صوبائی حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔وزیر اعلی شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ساہیوال میں کول پاورپلانٹ کا منصوبہ انتہائی تیز رفتاری سے مکمل کیا جا رہا ہے اور 1320 میگاواٹ کا یہ منصوبہ دسمبر 2017 ء کی مقررہ مدت سے کہیں پہلے مکمل ہو گا - انہوںنے کہا کہ چین سمیت دنیا کی تاریخ میں اتنے پیداواری گنجائش کے منصوبے پر اس تیز رفتاری سے کام کرنے کی مثال نہیں ملتی- منصوبے کی رفتار اور معیار بے مثال ہے -انہوںنے کہا کہ کوئلے کی کراچی سے ترسیل کے کام کے لئے ضروری انفراسٹرکچر بھی وقت پر مکمل ہو گا -انہوںنے کہا کہ یہ منصوبہ پاک چین دوستی کا عظیم شاہکار بنے گا -متعلقہ وفاقی اور صوبائی اداروں کی بہترین کوارڈینیشن سے تمام امور وقت پر مکمل ہورہے ہیں- چینی کمپنیوں کے حکام نے منصوبے کو جلد سے جلد مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی-دریں اثنا ء وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت اعلی سطح کے اجلاس میںپنجاب میں لگائے جانیوالے 3600میگاواٹ کے گیس پاور منصوبوں کیلئے گیس کی سپلائی اورٹرمینل کی تعمیر کے امور پر پیشرفت کا بھی جائزہ لیاگیا۔وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف،وفاقی وزیر پٹرولیم شاہدخاقان عباسی،وفاقی وزیر پورٹس اینڈ شپنگ میر حاصل خان بزنجو،وفاقی سیکرٹری پانی و بجلی،سیکرٹری وزیراعظم ،چیئرمین پورٹ قاسم اتھارٹی ،چیئرمین منصوبہ بندی وترقیات،سیکرٹری توانائی،چیف ایگزیکٹو آفیسرنیشنل پاورپارکس کمپنی لمٹیڈ، چیف ایگزیکٹو آفیسرقائداعظم تھرمل پاور لمٹیڈاور اعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی-وزیر اعلی شہبازشریف نے اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت ملکر پنجاب میں 3600 میگا واٹ کے گیس پاور پلانٹس لگارہی ہیں - متعلقہ وفاقی و صوبائی محکموں کو گیس پاور پلانٹس کے منصوبوں کی مقررہ مدت میں تکمیل کیلئے مربوط انداز سے کام کرنا ہے اور توانائی بحران میں کمی لانے کے لئے یہ منصوبے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں ۔وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت گزشتہ روز اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں یوم آزادی کی تقریبات کے موقع پر سکیورٹی انتظامات، ٹریفک مینجمنٹ اور ون ویلنگ کی روک تھام کے حوالے سے حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ سے بڑھ کر کوئی چیز مقدم نہیں، اس لئے  14 اگست کی تقریبات کیلئے فول پروف سکیورٹی ہر قیمت پر یقینی بنائی جائے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں۔ پولیس، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور انتظامیہ چوکس رہیں اور سکیورٹی کے جامع اور موثر پلان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں ون ویلنگ کسی صورت برداشت نہیں کروں گااس لئے اسے روکنے کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں اور جس ضلع سے ون ویلنگ کی شکایت سامنے آئی، متعلقہ پولیس افسر کے خلاف کارروائی ہوگی اورون ویلنگ کرنے والوں کو قانون کے تحت سزا ملے گی۔وزیراعلیٰ نے مزیدہدایت کی کہ کم عمر افراد کے خلاف گاڑی یا موٹر سائیکل چلانے پرقانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔ وزیراعلیٰ نے سرچ اینڈ سویپ آپریشن مزید تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشہ افراد اور سماج دشمن عناصر کے خلاف صوبے بھر میں موثر انداز میں کارروائی کی جائے ، حساس اور پبلک مقامات کے ساتھ مارکیٹوں، بازاروں اور دیگر اہم جگہوں پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کی جائے اور داخلی و خارجی راستوں کی کڑی نگرانی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہوائی فائرنگ یا اسلحہ کی نمائش کرنے والوں کے خلاف بھی قانون کو فوری طور پر حرکت میں آنا ہوگا۔ انہو ںنے کہا کہ یوم آزادی پر عوام کی سہولت کیلئے لاہور، مری اور دیگر بڑے شہروں میں ٹریفک مینجمنٹ کیلئے بہترین اقدامات ہونے چاہئیں خصوصاً 14 اگست کو مری میں ٹریفک رواں دواں رکھنے کیلئے جامع منصوبہ بندی کرکے اقدامات کو حتمی شکل دی جائے ۔ سیکرٹری داخلہ اور انسپکٹر جنرل پولیس نے یوم آزادی کی تقریبات کے موقع پر سکیورٹی انتظامات، ٹریفک مینجمنٹ اور ون ویلنگ کی روک تھام کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی۔  وزیراعلیٰ پنجاب نے انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔شہباز شریف
تازہ ترین