• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: شادی کے روز لاپتہ ہوئے دولہا کی موبائل ڈیٹا اور کیمروں سے تلاش

کراچی کے علاقے کورنگی مدینہ کالونی سے اپنی شادی کے دن 3 روز قبل لاپتہ ہونے والے دولہا کی گمشدگی کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئیں۔

دولہا کی گمشدگی کا مقدمہ تھانہ زمان ٹاؤن میں درج کر لیا گیا، جس کے بعد پولیس نے تحقیقات شروع کر دیں۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) کورنگی طارق نواز کا کہنا ہے کہ  دولہا کے موبائل فون کی کال کا ڈیٹا نکالا جا رہا ہے، رات تک مزید شواہد سامنے آنے کے بعد صورتِ حال واضح ہو سکے گی، علاقے اور متصل مرکزی سڑک پر لگے سی سی ٹی وی کیمروں کو چیک کیا جا رہا ہے۔

ایس ایس پی طارق نواز کا کہنا ہے کہ زمان ٹاؤن تھانے کے آپریشن اور تفتیشی افسران مقدمے کے اندراج کے بعد کیس پر کام کر رہے ہیں، مقدمہ دولہا کے والد وسیم کی مدعیت میں اغواء کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔

مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ 11 ستمبر کو جہانزیب کی بارات جانی تھی، جو شادی کے روز شام 6 بجے موٹر سائیکل پر سیلون گیا تھا، وہ 5 بجے اپنا موبائل فون بھی گھر چھوڑ کر گیا تھا، سیلون سے دوسرے بیٹے کو ساڑھے 7 بجے فون کال آئی اور بتایا کہ جہانزیب سیلون نہیں پہنچا۔

مدعیٔ مقدمہ جہانزیب کے والد کا کہنا ہے کہ میرا دعویٰ ہے کہ نامعلوم افراد نے جہانزیب کو اغواء کر لیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ نوجوان کے اغواء یا لاپتہ ہو جانے کے تمام محرکات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

قومی خبریں سے مزید