• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیرِ اعظم شہباز شریف کا سیلاب متاثرین کیلئے ریلیف پیکیج کا اعلان

وزیرِ اعظم شہباز شریف—فائل فوٹو
وزیرِ اعظم شہباز شریف—فائل فوٹو

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کےلیے ریلیف پیکیج کا اعلان کر دیا۔

قوم کے نام ویڈیو پیغام میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیلاب زدہ علاقوں میں بجلی کے تمام گھریلو صارفین کے اگست کے بل معاف کر دیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کے بلوں کی ادائیگی وفاقی حکومت اپنے وسائل سے کرے گی، متاثرہ علاقوں کے وہ گھریلو صارفین جو اگست کا بل ادا کر چکے ہیں، ان کی رقم اگلے ماہ کے بل میں ایڈجسٹ کر دی جائے گی۔

وزیرِاعظم نے کہا کہ بارش اور سیلابی صورتِ حال سے بہت تباہی ہوئی ہے، جانی اور مالی نقصانات بھی ہوئے ہیں، متاثرین کی مدد کرنا حکومت کی ذمے داری ہے۔

اُن کا کہنا ہے کہ سیلاب متاثرین کے اگست کے بل کی وصولی فی الفور مؤخر کی جا رہی ہے، بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو فوری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ سیلاب سے جو تباہی اور نقصانات ہوئے ہیں، ہم ان سے بخوبی واقف ہیں، متاثرہ علاقوں کی مکمل آباد کاری کا عزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب تک سیلاب متاثرہ ہر شخص اپنےگھر میں دوبارہ آباد نہیں ہو جاتا تب تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ زرعی، کمرشل اور صنعتی شعبے کے نقصانات کا اندازہ لگایا جا رہا ہے۔

قومی خبریں سے مزید