وزیراعظم شہباز شریف کی دوحہ میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں فیلڈ مارشل عاصم منیر اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار بھی موجود تھے۔
ملاقات میں قطر پر اسرائیلی حملے کو مشرق وسطیٰ کے امن عمل کو سبوتاژ کرنے کی سازش قرار دیا گیا، سعودی ولی عہد نے شہباز شریف کو دورہ ریاض کی دعوت بھی دی۔
قطر کے دارالحکومت دوحہ میں عرب اسلامی ہنگامی سربراہ اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد اور ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقاتیں ہوئیں اور خوشگوار جملوں کا تبادلہ ہوا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی امیر قطر، فلسطینی صدر محمود عباس، تاجکستان اور مصر کے صدور سے بھی ملاقاتیں ہوئیں۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے امہ کو متحد کرنے میں سعودی ولی عہد کی دانشمندانہ قیادت کی تعریف کی۔
بعد ازاں عرب اسلامی سربراہ کانفرنس کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قطر پر حملہ اسرائیل کے توسیع پسندانہ عزائم کا ایک اور اظہار ہے۔