سکھر میں اونٹ کی ٹانگ کاٹنے کے واقعے کے بعد پولیس نے ایک اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے مقدمے میں نامزد دوسرے ملزم کو بھی گرفتار کر لیا۔
ترجمان سکھر پولیس کے مطابق ایس ایس پی سکھر اظہر خان کے سخت احکامات اور نوٹس لینے کے بعد ایس ایچ او تھانہ کندرا نے خفیہ اطلاع پر ایک اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے واقعے میں ملوث دوسرے ملزم رسول بخش شیخ کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔
اس سے پہلے اس واقعے میں ملوث ملزم قربان بروہی کو پولیس نے آج صبح گرفتار کیا تھا، پولیس کی جانب سے گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے۔
واقعے کے تیسرے نامزد ملزم کی گرفتاری کے لیے پولیس کی جانب سے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
کامیاب کارروائی پر ایس ایس پی سکھر اظہر خان کی جانب سے پولیس پارٹی کے لیے شاباش کا پیغام بھی جاری کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سکھر کی تحصیل صالح پٹ میں با اثر وڈیرے نے مبینہ طور پر اونٹنی کو بد ترین تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔
کھیت میں گھس کر پانی پینے پر وڈیرے نے مبینہ طور پر اونٹنی کی ٹانگ توڑ دی تھی۔
اونٹنی کے مالک کے مطابق وڈیرے نے غصے میں اونٹنی کو ٹریکٹر سے باندھ کر گھسیٹا اور منہ پر ڈنڈے بھی مارے، زخمی اونٹنی کا علاج کرانے اسپتال پہنچے تو ڈاکٹروں نے علاج کرنے انکار کر دیا تھا۔
واقعے کا وزیرِ اعلیٰ سندھ نے نوٹس لیتے ہوئے مجرموں کے خلاف کارروائی کرنے کی ہدایت کی تھی۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے حکم پر روہڑی کے اسپتال میں زخمی اونٹ کا علاج جاری ہے۔