بلوچستان کے ضلع چمن میں بابِ دوستی کے مقام پر ٹیکسی اسٹینڈ میں ہونے والے بم دھماکے کے شواہد جمع کرنے کا عمل مکمل کر لیا گیا، جس کے بعد باب دوستی پر آمد و رفت بحال کر دی گئی۔
پولیس کے مطابق ناقابلِ شناخت لاش کی شناخت محمد عارف کے نام سے ہوئی ہے، جو اسٹینڈ پر مزدوری کرتا تھا۔
کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق دھماکے میں 5 کلو سے زائد دھماکا خیز مواد اور 2 کلو سے زائد بال بیرنگ استعمال کیے گئے۔
خودکش دھماکے کے شواہد نہیں ملے، دھماکے میں 6 مقامی محنت کش جاں بحق اور 2 زخمی ہوئے تھے۔
دھماکا محمد عارف کے پاس رکھے ہوئے نامعلوم مسافر کے سامان میں ہوا تھا۔
بابِ دوستی سے آج دو طرفہ ٹریڈ اور مسافروں کی آمد و رفت بحال کر دی گئی ہے۔
کسٹم حکام کے مطابق باب دوستی سے تازہ پھلوں کے درآمدی اور برآمدی کارگو کو سب سے پہلے کلیئر کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ چمن میں بابِ دوستی پر واقع ٹیکسی اسٹینڈ میں دھماکا 18 ستمبر کو ہوا تھا۔