انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے ڈی جی رافیل ماریانو گروسی کا کہنا ہے کہ پاکستان کا نیوکلیئر پاور پروگرام اچھی رفتار سے آگے بڑھ رہا ہے، پُرامن مقاصد کےلیے جوہری سائنس و ٹیکنالوجی کے استعمال میں پاکستان اہم شراکت دار ہے۔
ڈی جی آئی اے ای اے اور چیئرمین پاکستان اٹامک انرجی کمیشن (پی اے ای سی) کے درمیان ویانا میں آئی اے ای اے کی 69ویں جنرل کانفرنس کے موقع پر ملاقات ہوئی ہے۔
ملاقات کے حوالے سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق ملاقات میں مختلف پروگراموں کے تحت دو طرفہ تعاون کے شعبوں کا جائزہ لیا گیا۔
چیئرمین پی اے ای سی نے پُرامن جوہری ٹیکنالوجی کے استعمال کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا پُرامن جوہری پروگرام قومی ترقیاتی ترجیحات اور آئی اے ای اے کے فریم ورک کے عین مطابق ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے جوہری پاور پلانٹس اعلیٰ ترین حفاظتی معیارات کے تحت چلائے جا رہے ہیں۔
اس موقع پر ڈی جی آئی اے ای اے نے پاکستان کے آئی اے ای اے سے قریبی تعاون کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ چشمہ نیو کلیئر پاور پلانٹ سی 5 پاکستان کے توانائی کے تحفظ کے لیے اہم سنگِ میل ہے۔