ویانا (نمائندہ جنگ) اقوام متحدہ ویانا اور دیگر عالمی اداروں میں پاکستان کے مستقل نمائندے سفیر پاکستان محمد کامران اختر ملک نے ڈائریکٹر جنرل انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (IAEA) رافیل ماریانو گروسی کو اقوامِ متحدہ ویانا کے دفتر میں اپنی اسناد پیش کیں۔ پاکستان کے مستقل نمائندے سفیر پاکستان نے ڈائریکٹر جنرل (IAEA) سے ملاقات میں پاکستان کے IAEA کے ساتھ تعاون کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے ZODIAC، NUTEC Plastics، Rays of Hope، Atoms4Food اور Atoms4Net Zero سمیت تمام اہم اقدامات کیلئے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔ پی آر نے علاقائی اور بین علاقائی سطح پر نافذ کیے جانے والے تکنیکی تعاون کے منصوبوں کے ساتھ پاکستان کی فعال شمولیت پر مزید زور دیا۔ تین پاکستانی اداروں (NIAB، NISAS اور PIEAS) کو مختلف پروگراموں کیلئے IAEA تعاون کرنے والے مراکز کے طور پر نامزد کیا گیا ہے، مزید برآں NORI کو IAEA کے ریز آف ہوپ اقدام کیلئے اینکر سینٹرز کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل آئی اے ای اے نے ایجنسی کے پالیسی ساز اداروں میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔ انہوں نے ایجنسی کے تکنیکی تعاون کے پروگرام میں پاکستان کے تعاون کو بھی سراہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے پاس پختہ اداروں اور ریگولیٹری فریم ورک کے ساتھ پرامن مقاصد کیلئے جوہری توانائی کے استعمال کا ایک بہتر پروگرام ہے۔ انہوں نے ایجنسی کے تکنیکی تعاون کے پروگرام کو نافذ کرنے میں پاکستان کے تعاون پر شکریہ ادا کیا اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ دونوں فریقین اس کو مزید فروغ دیتے رہیں گے۔