• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعلیٰ پنجاب کا صوبے میں کچرا ٹھکانے لگانے کا جدید منصوبہ

فائل فوٹو
فائل فوٹو

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے میں کچرا ٹھکانے لگانے کے جدید منصوبے کی منظوری دے دی۔

ماحولیاتی تحفظ کے ادارے نے مریم نواز کے حکم پر پنجاب میں کچرا جمع کرنے کے لیے رنگدار کوڑے دان استعمال کرنے  کا باضابطہ نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے۔

پہلے مرحلے میں تعلیمی اداروں میں اسمارٹ ویسٹ مینجمنٹ پراسس کی منظوری دی گئی ہے، جس کے تحت سرکاری اور نجی درس گاہوں میں 5 رنگ کے کوڑے دان رکھے جائیں گے۔

سینئر وزیر موحولیات اینڈ کلائمیٹ چینج مریم اورنگزیب منصوبے کی نگرانی کریں گی۔

نوٹی فکیشن کے مطابق تمام اسکولوں میں رنگین کوڑے دان لگانے کے لیے 30 ستمبر 2025 کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے جبکہ یکم اکتوبر سے معائنہ شروع ہوگا اور رنگدار کوڑے دان نہ رکھنے پر جرمانے ہوں گے۔

نوٹی فکیشن کے مطابق الگ الگ رنگ کے کچرے کے ڈبوں میں الگ الگ قسم کا کوڑا کرکٹ جمع کیا جائے گا۔ پیلے رنگ کے ڈبوں میں کاغذ اور ردی جمع کی جائے گی۔ سبز ڈبوں میں بوتلیں، کانچ کے ٹکڑے، لیبارٹری کا ضائع شدہ سامان ڈالا جائے گا، سُرمئی ڈبے میں پھلوں کے چھلکے، ضائع شدہ کھانا، پتے اور گلی سڑی سبزیاں پھینکی جائیں گی۔

اس کے علاوہ لال رنگ کے کچرے کے ڈبے لوہے اور دیگر دھاتی کوڑے کے لیے استعمال ہوں گے جبکہ نارنجی ڈبے پلاسٹک ویسٹ کے لیے استعمال کئے جائیں گے۔

کوڑا کرکٹ کی اشیا کو دوبارہ استعمال کے قابل بنانے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ جدید طریقے کا مقصد کچرے کی مقدار میں کمی لانا اور ماحول دوست رویوں کو فروغ دینا ہے۔

اس کے علاوہ پنجاب مینجمنٹ ہیلپ لائن 1139 پر تعلیمی ادارے کچرے کو اٹھانے کے لیے رابطہ بھی کرسکتے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید