وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کو بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے مدد فراہم نہیں کی جاسکتی، جو بی آئی ایس پی سے رجسٹرڈ ہی نہیں انہیں امداد کیسے دی جائے؟
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ سندھ میں بیرونی امداد کے باوجود لوگ مکمل طور پر بحال نہیں ہوئے، سندھ یا کراچی کا کیا حال ہے، کیا اُن سے عقل لینے کی ضرورت ہے جنہوں نے سندھ کو آثار قدیمہ بنادیا؟
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب میں پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا سیلاب آیا، حکومتِ پنجاب اپنے وسائل سے سیلاب متاثرین کی مدد کر رہی ہے، ہمیں بیرونی امداد کا انتظار نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پچھلی بار سندھ میں سیلاب آیا تو اس کا مطلب ہے کہ کیا صوبائی حکومت کی تیاری نہیں تھی؟
صوبائی وزیر نے کہا کہ بلاول بھٹو نے وزیراعلیٰ پنجاب کی بھرپور تعریف کی ہے، بلاول بھٹو کے بیان کو زیادہ معتبر سمجھتی ہوں، سیلابی سیاست کرنے والوں کے لیے دعا ہی کی جاسکتی ہے۔