مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن نے مجھے سرپرستی کا کہا، میں ہر مثبت اور تعمیری کام میں کردار کے لیے تیار ہوں۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ہمیشہ کھیلوں اور مثبت سرگرمیوں کی سرپرستی کی، 16 سال پاکستان کبڈی فیڈریشن کا صدر رہا، کبڈی کو روایتی کھیل سے نکال کر عالمی نوعیت کی گیم بنایا۔
چوہدری شجاعت کا کہنا ہے کہ میرے دور میں کبڈی فیڈریشن نے وزیراعظم کپ، سیف گیمز جیتیں، اب میرے بڑے بیٹے چوہدری شافع حسین کبڈی فیڈریشن کے صدر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کھیل کو کھیل رہنا دیا جائے تو نوجوان مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب ہوں گے، ہر ذمے دار شہری اور محب وطن پاکستانی کو کھیلوں کی سرپرستی کرنی چاہیے۔ حکومت کرکٹ کے ساتھ ہاکی، فٹبال، والی بال، ٹینس اور دیگر کھیلوں پر بھی توجہ دے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان آگے بڑھ رہا ہے، اقوام عالم ہمارا کردار تسلیم کر رہی ہیں، پاک سعودی دفاعی معاہدہ تاریخی کامیابی ہے، حکومت، فوج اور عوام مبارکباد کے مستحق ہیں۔ ہم سب نے پاکستان کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی میں کردار ادا کرنا ہے۔