وزیراعظم شہباز شریف کی نیو یارک میں کویت کے ولی عہد شیخ صباح الخالد الحمد المبارک الصباح سے ملاقات ہوئی۔
اس موقع پر وزیرِ اعظم نے کویت کے امیر شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح کے لیے احترام اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور کویت ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ وزیراعظم نے حالیہ سیلاب کے بعد کویت کے اظہار یکجہتی پر ولی عہد کا شکریہ ادا کیا۔
انھوں نے تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، لائیو اسٹاک اور افرادی قوت کی برآمد کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔
وزیراعظم نے کہا رواں برس کے آخر میں کویتی ولی عہد کی پاکستان کے سرکاری دورے پر میزبانی کے منتظر ہیں، دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال سمیت علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
کویت کے ولی عہد نے فلسطینیوں پر مظالم کو بے نقاب کرنے پر پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا۔
کویت کے ولی عہد نے خطے میں امن کے لیے اہم کردار ادا کرنے کے لیے بھی پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔