• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اٹلی کی وزیراعظم نے فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے کیلئے شرائط رکھ دیں

فائل فوٹو
فائل فوٹو

 اٹلی کی وزیراعظم جورجیا میلونی نے کہا ہے کہ ہماری حکومت فلسطین کو بطور ریاست صرف اس صورت میں تسلیم کرے گی جب تمام اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کردیا جائے اور حماس کو مستقبل کی کسی بھی فلسطینی حکومت سے مکمل طور پر الگ رکھا جائے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر نیویارک میں موجود میلونی نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ میں فلسطینی ریاست کے قیام کی مخالفت نہیں کر رہی، لیکن سب سے پہلے ترجیحات طے کرنا ضروری ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں فلسطین کو تسلیم کرنے کے خلاف نہیں ہوں، لیکن اس کے لیے ضروری ہے کہ یرغمالیوں کو آزاد کرایا جائے اور حماس کو حکومت سازی کے عمل سے مکمل طور پر باہر رکھا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عالمی دباؤ اسرائیل کے بجائے حماس پر ڈالنا چاہیے کیونکہ یہ جنگ حماس نے شروع کی اور اب یرغمالیوں کو آزاد نہ کر کے اس کے خاتمے میں رکاوٹ بنا ہوا ہے۔

اٹلی کی وزیراعظم نے اعتراف کیا کہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے سے قبل اس کی مکمل خود مختاری اور ریاستی ڈھانچے کی موجودگی بھی ایک اہم سوال ہے، اگر کسی نامکمل ریاست کو تسلیم کیا جائے تو یہ نہ مسئلے کا حل ہے اور نہ ہی فلسطینی عوام کو کوئی فائدہ ہوگا۔ 

خیال رہے کہ برطانیہ، فرانس اور کینیڈا سمیت کئی یورپی ممالک نے حالیہ دنوں میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

واضح رہے کہ جورجیا میلونی کی دائیں بازو کی حکومت یورپی یونین میں اسرائیل کی مضبوط حامی سمجھی جاتی ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید