بھارت کے علاقے لداخ میں ریاستی حیثیت کا مطالبہ زور پکڑ گیا، رواں ماہ 10 ستمبر سے جاری بھوک ہڑتال کی مہم سخت جھڑپوں میں بدل گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 10 ستمبر سے بھوک ہڑتال پر بیٹھے لیہہ ایپکس باڈی (LAB) کے 15 میں سے 2 کارکنان کی حالت بگڑ گئی جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا ہے جس کے بعد LAB یوتھ ونگ نے شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال دے دی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سیکڑوں مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے اور مشتعل ہجوم نے پولیس کی گاڑی اور بی جے پی دفتر کو آگ لگا دی جبکہ پولیس اور مظاہرین میں سخت جھڑپوں سلسلہ جاری ہے۔
پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس اور لاٹھی چارج کیا ہے۔
LAB کا کہنا ہے کہ جب تک ریاستی حیثیت اور آئین کے چھٹے شیڈول میں شمولیت کا مطالبہ پورا نہیں ہوتا بھوک ہڑتال جاری رہے گی۔
واضح رہے کہ لداخ کے عوام 2019ء میں آرٹیکل 370 کی منسوخی اور یونین ٹیریٹری کا درجہ ملنے کے بعد سے ریاستی حیثیت اور آئینی تحفظات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔