• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئین بناتے ہی اس کے بگاڑ کی کوششیں شروع ہو گئی تھیں: جسٹس(ر) شاہد جمیل

جسٹس (ر) شاہد جمیل—فائل فوٹو
جسٹس (ر) شاہد جمیل—فائل فوٹو

جسٹس (ر) شاہد جمیل نے کہا ہے کہ اپوزیشن اتحاد کی تحریک کا مقصد آئین کی بالادستی ہے۔

اسلام آباد میں اپوزیشن اتحاد کی پریس کانفرنس میں محمود خا ن اچکزئی، مصطفیٰ نواز کھوکھر اور علامہ راجہ ناصر عباس موجود تھے۔

اس موقع پر جسٹس (ر) شاہد جمیل نے کہا کہ بے شمار ممالک میں جمہوریت نہیں پھر بھی قانون کی حکمرانی ہوتی ہے، قوم کے نوجوانوں کو مخاطب کر کے آئین کی حقیقی روح کا بتانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ تحریک آئین کی سر بلندی کے لیے کام کر رہی ہے، اپوزیشن اتحاد کی تحریک کا مقصد آئین کی بالادستی ہے، ہمارا متفقہ آئین قرارداد مقاصد کے تحت بنا اور اس پر عمل ہونا چاہیے۔

جسٹس (ر) شاہد جمیل نے یہ بھی کہا کہ آئین بناتے ہی اس کے بگاڑ کے لیے کوششیں شروع ہو گئی تھیں، آئین میں اہم نکتہ عدلیہ کی آزادی ہے جسے ہر ڈکٹیٹر نے پامال کیا۔

مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ جسٹس ریٹائرڈ شاہد جمیل کا بطور جج ہائی کورٹ استعفیٰ حیران کن تھا، انہوں نے استعفے میں جو لکھا وہ اہم تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے جسٹس ریٹائرڈ کا استعفیٰ دیکھا ہے جس میں علامہ اقبال کی شاعری تھی، انہوں نے عدلیہ سے اپنی جان چھڑائی۔

مصطفیٰ نواز کھوکھر نے یہ بھی کہا کہ جسٹس (ر) شاہد جمیل آج اپوزیشن اتحاد تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان کو جوائن کر رہے ہیں۔

علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ 26 ویں آئینی ترمیم نے عدلیہ کو مکمل تباہ کر دیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید